دنیا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 46 ہزار ہوگئی، 9 لاکھ 20 ہزار متاثر

دنیا میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں 46 ہزار سے تجاوز کر گئیں اورمریضوں کی تعداد 9 لاکھ 21 ہزار ہوچکی ہے تاہم 1 لاکھ 93 ہزار 350 متاثرین صحت یاب ہوگئے ہیں جب کہ 34 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کورونا وائرس وبا کی لپیٹ آنے والے ممالک برطانیہ اور اسپین میں اب تک کی سب سے زیادہ اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

امریکا
2 لاکھ 7 ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق کے بعد امریکا میں دنیا کے سب سے زیادہ کورونا وائرس کے متاثرین موجود ہیں۔ ایک دن کے دوران 556 اموات کی تصدیق کے بعد امریکا میں کورونا وائرس ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4 ہزار 6سو سے تجاوز کرگئی ہے۔ وبا سےبچاو کے لیے80 فی صد امریکی گھروں میں بند ہیں۔ صدر ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو ہفتے امریکی قوم کیلئے انتہائی دردناک ثابت ہوسکتے ہیں۔

اٹلی

اٹلی میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 727 مزید اموات کی تصدیق ہوچکی ہے۔ حالیہ وبا سے اب تک سب زیادہ 13 ہزار 155 اموات اٹلی میں ریکاڑد کی گئیں ہیں جب کہ مجموعی طور پر 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے تاہم نئے کیسز میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔

اسپین

بدھ کے روز اسپین میں کورونا وائرس سے اب تک کی سب سے زیادہ 864 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد مجومی اموات 9 ہزار سے تجاوز کرگئیں جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آںے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 2 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

برطانیہ

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس وبا سے برطانیہ میں 563 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 23سو 52 ہوچکی ہے اور 4ہزار 324 مزید کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 29 ہزار 474 تک ہوگئی ہے۔

چین

اعداد و شمار کے مطابق چین میں نئے کیسز کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 اموات کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 36 مزید کیس سامنے آئے ہیں۔

حج کی تیاریاں مؤخر

سعودی عرب نےمسلمانوں کو حج کی تیاریاں موخرکرنے کی اپیل کرتے ہوئے صورتحال واضح ہونے تک انتظار کا مشورہ دیا ہے۔ وزیر حج ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث موجودہ حالات کے پیش نظر سعودی حکومت مسلمانوں اور اپنے شہریوں کی صحت و تندرستی کے حوالے سے فکرمند ہے، اس لیے ہم دنیا بھر میں اپنے مسلمان بھائیوں سے کہتے ہیں کہ صورتحال واضح ہونے کا انتظار کریں۔

کورونا وبا جنگ عظیم کے بعد سب سے بڑا خطرہ

اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وباء کو دوسری عالمی جنگ کے بعد دنیا کےلیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا۔اقوام متحدہ نے کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کے لیےعالمی فنڈ قائم کیا کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں