عابد علی اور رضوان کی سنچریاں رائیگاں

دبئی: پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 6 رنز سے ہرادیا۔

آسٹریلیا کے 278 رنز کے ہدف میں قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بناسکی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے کیا لیکن ایرون فنچ 17 رنز بنا کر محمد حسنین گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
شان مارش، پیٹر ہینڈس کومب اور اسٹونس بھی یکے بعد دیگرے جلد ہی پویلین لوٹ گئے جب کہ عثمان خواجہ نے 62 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔

پانچ کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد گلین میکسویل اور ایلکس کیرے نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

میکسویل 98 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ کیرے نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین، عماد وسیم اور یاسر شاہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 278 کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز شان مسعود اور عابد علی نے کیا لیکن شان مسعود پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوگئے۔
پاکستان کو دوسرا نقصان حارث سہیل کی صورت میں ہوا جو 25 رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر گلین میکسویل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

دو کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان بلے باز عابد علی نے وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہمراہ ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔
عابد علی نے اپنے ون ڈے کیرئیر کے پہلے ہی میچ میں 8 چوکوں کی مدد سے شاندار سنچری اسکور کی۔

عابد علی پاکستان کی جانب سے ڈیبیو پر سنچری کرنے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں، اس سے قبل اپنے پہلے ایک روزہ میچ میں سنچری کرنے والوں میں سلیم الٰہی اور امام الحق شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں