ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 4601 ہوگئی، 66 افراد جاں بحق

اسلام آباد / کراچی: ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 4601 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 66 تک جاپہنچی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 478 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 284 میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔ جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کا شکار افراد کی تعداد 4ہزار 601 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 4 افراد کورونا کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ 45 کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 66 ہوگئی ہے۔
کہاں کتنے مریض ؟

حکام کے مطابق اب تک پنجاب میں 2241،سندھ 1128، بلوچستان 212، خیبر پختونخوا میں 560، آزاد کشمیر 33، اسلام آباد میں 107 اور گلگت بلتستان میں 215 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں

ملک بھر میں اب تک 66 افراد کورونا کا شکار ہوکر جاں بحق ہوچکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 22، سندھ 21، پنجاب 18 ،گلگت بلتستان 3 جب کہ اسلام آباد اور بلوچستان میں ایک ایک مریض جاں بحق ہوا ہے۔

54706 افراد کے ٹیسٹ

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک ملک بھر میں 54 ہزار 706 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ جب کہ ملک کے 587 اسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے۔

لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلہ 14 اپریل کے بعد

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا پے کہ حکومت کورونا وائرس سے بے روزگار ہونے والے مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، گزشتہ 3 ہفتوں سے لاک ڈاوَن کا سامنا کررہے ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہی کورونا کے پھیلاؤ پر کنٹرول ہوا، لاک ڈاؤن بڑھانے یا اس میں نرمی کا فیصلہ 14 اپریل کے بعد کیا جائے گا، دیکھا جائے گا کہ کون سے علاقوں میں لاک ڈاؤن میں آسانی پیدا کی جاسکتی ہے، جہاں کیسز زیادہ ہوں گے وہاں سختی زیادہ کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں