کرونا سے ہلاک افرادکی میتیں جلانے کا حکم، ہمسایہ ملک میں مسلمان مشتعل

کولمبو : سری لنکا میں حکام نے کورونا وائرس کے انتقال کر جانے والے مریضوں کی لاشوں کا نذر آتش کیا جانا لازمی قرار دے دیا ہے۔ ایسے مریضوں میں سے تین مسلم شہریوں کی میتیں جبرا جلا دیے جانے پر مقامی مسلم اقلیت مشتعل ہوگئی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں حکام نے کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاحق ہونے والی بیماری کووِڈ انیس کے باعث انتقال کر جانے والے مریضوں کی میتیں جلانے کا فیصلہ اس وجہ سے کیا گیا کہ ایسے مردوں کی تدفین کے عمل سے بھی دوسرے صحت مند انسان متاثر نہ ہوں لیکن مقامی مسلمانوں کی طرف سے جو ملک کی ایک اہم مذہبی اقلیت ہیں،

اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے یہ کہا کہ کسی بھی مسلمان کی میت جلانا مسلمانوں کے بنیادی مذہبی عقائد، احکامات اور روایات کے عین منافی ہے۔سری لنکن وزیر صحت پاوِترا وانیاراچھی نے کہاکہ کوئی بھی ایسا فرد جس کی موت کووِڈ انیس کی وجہ سے ہوئی ہو، یا جس کے بارے میں شبہ ہو کہ اس کی موت اس مرض کے باعث ہوئی ہے، اس کی میت کو جلا دیا جائے گا۔ اس کے برعکس عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کا کہنا یہ تھا کہ ایسے کسی بھی مریض یا مریضہ کی لاش کو نذر آتش بھی کیا جا سکتا ہیے اور دفنایا بھی جا سکتا ہے۔

جنوبی ایشیا کی جزیرہ ریاست سری لنکا میں اس حوالے سے وہاں کی مسلم اقلیت کی طرف سے احتجاج اس وقت شروع ہوا، جب تین مسلمان ہلاک شدگان کی میتیں ان کے لواحقین کی طرف سے مخالفت کے باوجود جلا دی گئیں۔مرنے والوں کے لواحقین مطالبہ کر رہے تھے کہ ان کے انتقال کر جانے والے عزیزوں کی میتیں جلانے کے بجائے دفنائی جائیں۔ یہ تینوں سری لنکن مسلمان ان سات افراد میں شامل تھے، جن کا سری لنکا میں اب تک کووِڈ انیس کے باعث انتقال ہو چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں