برطانیہ اور یورپی یونین بریگزٹ اکتوبر تک موخر کرنے پر متفق

برسلز: یورپی یونین نے برطانیہ کو بریگزٹ معاہدے کے لیے مزید 6 ماہ کا وقت دے دیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے برطانوی دارالعلوم میں بریگزٹ معاہدے میں تاخیر کے حوالے سے قرارداد پیش کی تھی جس میں انہیں ایک ووٹ سے کامیابی حاصل ہوئی تھی جس کے بعد یورپی یونین سے بریگزٹ کے لیے مزید وقت حاصل کرنے کے لیے برطانوی وزیراعظم نے مذاکرات کیے جس میں وہ کامیاب ہوگئی ہیں۔

بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی یونین کا سربراہی اجلاس ہوا جس میں بریگزٹ معاہدے میں توسیع پر بات کی گئی جس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے یورپین کونسل کے سربراہ ڈونلڈ ٹسک نے کہا کہ یورپی یونین اور برطانوی حکومت کے درمیان بریگزٹ معاہدے میں 31 اکتوبر تک توسیع پر اتفاق ہوگیا ہے اور برطانوی حکومت کو مزید 6 ماہ کا وقت دیا گیا ہے تاکہ وہ بہتر سے بہتر حل نکال سکیں۔
ڈونلڈ ٹسک کا کہنا تھا کہ میں برطانیہ سے درخواست کرتا ہوں کہ اس بار وقت ضائع کیے بغیر اس معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور برطانیہ کو دیے گئے وقت کے دوران وہ جب چاہے یورپی یونین سے انخلا کے معاہدے کی تصدیق کرسکتا ہے۔

واضح رہے برطانوی وزیراعظم تھریسامے بریگزٹ معاہدے کو مختصر وقت کے لیے موخر کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ابھی بھی یورپین یونین سے جلد از جلد نکلنا چاہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں