پنجاب میں وکلا گردی کیخلاف ججز کی ہڑتال

لاہور: پنجاب میں وکلا کے تشدد کے خلاف ججز نے ہڑتال کردی۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں کی ماتحت عدالتوں کے ججز صاحبان نے گزشتہ روز جڑانوالہ میں پیش آنے والے واقعے پر عدالتوں کا بائیکاٹ کردیا۔ ججز صاحبان عدالتوں سے اٹھ کر اپنے اپنے چیمبرز میں چلے گئے تاہم اہم مقدمات کی سماعت اپنے چیمبرز میں کی۔ ججز کی ہڑتال کے باعث سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گزشتہ روز جڑانوالہ کی مقامی عدالت میں دوران بحث معمولی تلخ کلامی پر وکیل نے کرسی مار کر جج کا سر پھاڑ دیا تھا۔

ججز نے وکلا سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وکلا کی جانب سے آئے روز ججز صاحبان کے ساتھ بدتمیزی اور دھمکیوں کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اور بات ججز کے گریبان پکڑنے سے بڑھ کر دھمکیوں اور تشدد تک چلی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں ہی اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں بھی وکلاء نے خاتون جج شائستہ کنڈی کے ساتھ بدتمیزی کرتے ہوئے انہیں کمرہ عدالت میں ہی بند کردیا تھا۔ ایک وکیل نے دوران سماعت خاتون جج شائستہ کنڈی کے لیے نازیبا کلمات ادا کیے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں