لندن کی مسجد میں مسلح شخص کی تراویح کے دوران گھسنے کی کوشش

گزشتہ روز سیون کنگ مسجد میں تراویح کے وقت ایک مسلح شخص نے چہرہ ڈھانپے مسجد میں گھسنے کی کوشش کی جسے نمازیوں نے پکڑ کر مسجد کے باہر دھکیل دیا۔

مسلح شخص نے مسجد کے باہر ایک فائر کیا جس کے بعد وہ فرار ہوگیا تاہم مبینہ حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ نے واقعے کا دہشت گردی سے تعلق کا خدشہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح شخص کے فائر سے کوئی شخص زخمی ہوا اور نہ کوئی نقصان پہنچا۔

میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جب کہ ہائی روڈ سیون کنگ پر سیکیورٹی بڑھا دی گئی، مسجد انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور کوشش ہے کہ جلد ہی مبینہ حملہ آور کو تلاش کرلیا جائے گا۔
دوسری جانب مسلم کونسل کے ترجمان نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ مسجد کے امام مفتی سہیل کا کہنا ہے کہ مبینہ حملہ آوار کا مقصد نہیں پتہ چل سکا ہے پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں تاہم افواہیں اور غیر مصدقہ معلومات کو نہ پھیلایا جائے۔

واضح رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں حملے میں 9 پاکستانیوں سمیت 50 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں