’برطانوی‘ محمد عامر کیلیے آئی پی ایل کا دروازہ کھلنے لگا

لاہور: ’برطانوی‘ محمد عامر کیلیے آئی پی ایل کا دروازہ کھلنے کا امکان ہے جب کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر پیسر اپنا مستقبل انگلینڈ سے وابستہ دیکھنے لگے۔

محمد عامر نے موجودہ مینجمنٹ سے دلبرداشتہ ہوکر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا،ان دنوں پیسر اپنی فیملی کیساتھ انگلینڈ میں سکونت اختیار کئے ہوئے ہیں، ابھی تک ان کو غیر معینہ مدت تک وہاں قیام کا اجازت نامہ مل چکا ہے، اگر ان کو برطانوی شہریت مل جاتی ہے تو آئی پی ایل میں شرکت اور بھاری کمائی کا موقع ہاتھ آسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی کشیدگی کی وجہ سے بھارتی لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کو منتخب نہ کرنے کی غیر اعلانیہ پالیسی پر ایک عرصہ سے عمل درآمد کیا جارہا ہے مگر برطانوی شہریت حاصل ہونے کے بعد آل راؤنڈر اظہر محمود کو آئی پی ایل میں پنجاب کنگز کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا تھا۔
’’پاک پیشن‘‘ سے بات کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ فی الحال مجھے غیر معینہ مدت کیلیے انگلینڈ میں رہنے کا پروانہ جاری کیا جاچکا ہے، مزید 6یا 7سال تک کرکٹ کھیلنے کا ارادہ رکھتا ہوں، میرے بچوں کو برطانیہ میں رہنا اور تعلیم حاصل کرنا ہے، زندگی کا بیشتر وقت اب وہیں پر گزارنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی میں نے مستقبل کے امکانات کے بارے میں نہیں سوچا، دیکھوں گا کہ مستقبل میں شہریت حاصل ہونے کے بعد کیا مواقع سامنے آتے ہیں، فی الحال انگلینڈ میں اپنے قیام سے بھرپور لطف اندورز ہوتے ہوئے کرکٹ کھیل رہا ہوں، دنیا کی مختلف لیگز میں جہاں بھی موقع ملا شرکت کروں گا۔

یاد رہے کہ محمد عامر نے گزشتہ سال دسمبر میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، اس کے بعد رواں سال فروری، مارچ میں پی ایس ایل6میں کراچی کنگز کی جانب ایکشن میں نظر آئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں