راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران 206 افغان اور 112 فتنہ الخوارج مارے گئے، انڈیا گہرے سمندر میں ایک اور فالس فلیگ آپریشن کرنے کی تیاری کر رہا ہے، انڈیا نے زمین ، سمندر اور ہوا میں جو کچھ کرنا ہے کرے اس بار جواب پہلے سے زیادہ شدید ہوگا۔ میڈیا بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کے لیے پوری طرح تیار ہے، غزہ امن فوج کا فیصلہ حکومت اور پارلیمنٹ کرےگی، پاکستان اپنی قومی پالیسیوں کی تشکیل میں مکمل طور پر خود مختار ہے، ملکی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، مسلح افواج ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تحریک طالبان پاکستان نے افغان طالبان کے امیر کے نام پر بیعت کی ہوئی اور یہ افغان طالبان کی شاخ ہے، حالیہ پاک افغان کشیدگی کے دوران 206 افغان طالبان جبکہ 112 فتنہ الخوارج مارے گئے ہیں، اب تک فتنہ الخوارج کیخلاف آپریشن میں 1 ہزار 667 دہشت گرد مارے گئے، افغانستان کی شرائط معنی نہیں رکھتیں،دہشتگردی کا خاتمہ اہم ہے، افغانستان سے بڑے پیمانے پر منشیات پاکستان اسمگل کی جارہی ہے، افغانستان میں منشیات سمگلرز کی افغان سیاست میں مداخلت ہے۔
دہشتگردوں سے کبھی بات نہیں ہوگی، ڈی جی آئی ایس پی آر




