ملک کے مشہور ترین سیاحتی مقامات پر قبل از وقت برفباری کا آغاز

ایبٹ آباد :ملک کے مشہور ترین سیاحتی مقامات پر قبل از وقت برفباری کا آغاز، شمالی علاقہ جات کے کئی اضلاع میں قبل از وقت برفباری کے آغاز نے موسم شدید سرد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کئی سال بعد ضلع ایبٹ آباد کے گلیات ریجن میں ماہ نومبر کے آغاز میں ہی برفباری ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نتھیاگلی، ایوبیہ اور دیگر گلیات کے علاقوں میں منگل کے روز ہونے والی برفباری سے موسم شدید سرد ہو گیا۔
جبکہ ملک کے دیگر کئی اضلاع میں بھی برفباری ہوئی ہے۔ وادی کاغان کے بالائی علاقوں میں برفباری شروع گئی ہے،وادی کاغان کے بالائی علاقوں میں منگل کے روز وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سیاحتی مقامات ایک بار پھر سفید چادر اوڑھ چکے ہیں،برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لیے ملک بھر سے سیاح کاغان،ناران اور اس کے نواحی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں،کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق سیاحتی مقامات بٹہ کنڈی،بیسر،جھیل لولوسر اور جھیل سیف الملوک سمیت وادی کے متعدد بالائی علاقوں میں برفباری کاسلسلہ جاری ہے جس کے باعث ان علاقوں میں موسم نہایت سرد ہو گیا ہے جبکہ دلفریب مناظر اور برف سے ڈھکے پہاڑ سیاحوں کے لیے کشش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی شبیر خان کی ہدایت پر برفباری کے دوران سیاحوں کی رہنمائی،مدد اور سہولت کے لیے کے ڈی اے کی ٹیموں کو مختلف مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے،یہ ٹیمیں سیاحوں کو محفوظ سفری رہنمائی فراہم کر رہی ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد کے لیے تیار ہیں۔کے ڈی اے حکام کے مطابق ادارے کی ٹیمیں برفباری کے دوران مختلف علاقوں میں پیٹرولنگ کر رہی ہیں تاکہ سیاحوں کو سڑکوں کی صورتحال،برف جمنے یا سلائیڈنگ سے متعلق بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں