نوکری نہ ملنے پر خاتون ڈاکٹر نے موٹرسائیکل پر چلتی پھرتی فارمیسی بنا ڈالی

کراچی: کراچی میں نوکری نہ ملنے پر ایک باہمت خاتون ڈاکٹر نے موٹرسائیکل پر چلتی پھرتی فارمیسی بنا ڈالی۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق یہ ڈاکٹر ثناءاحسان ہیں جو گزشتہ پانچ سال سے فارمیسی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ ان کے پاس فارمیسی کھولنے کے لیے سرمایہ نہیں تھا اور ملازمت بھی جب نہ مل سکی تو انہوں نے موٹرسائیکل پر ہی موبائل فارمیسی کھول لی۔

رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر کی رہائشی فارماسسٹ ڈاکٹرثناءاحسان کو ان کے والد نے کچھ پیسے دیئے اور کچھ انہوں نے خود رقم جمع کر رکھی تھی۔ انہوں نے موبائل فارمیسی کے لیے گھر میں موجود موٹرسائیکل چلانی سیکھی، ایک بورڈ پرنٹ کرایا اور کراچی کی سڑکوں پر یہ موبائل فارمیسی لے کر نکل پڑیں۔ ڈاکٹر ثناءکا کہنا ہے کہ انہیں شہریوں کی طرف سے بہت مثبت ردعمل مل رہا ہے تاہم خاتون ہونے کی وجہ سے ہراسگی کے کئی واقعات بھی پیش آتے رہتے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر ثناءکے بورڈ پر ان کا فون نمبر بھی درج ہے، جس پر کال کرکے کوئی بھی ان سے دوائیاں اور آلات منگواسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں