افغانستان کے بگرام ایئربیس پر امریکی فوج کی پیکنگ شروع

کابل: افغانستان سے مکمل فوجی انخلاءکے اعلان کے بعد بالآخر امریکی فوجیوں نے بگرام ایئربیس خالی کرنے کی تیاری کر لی۔ میل آن لائن کے مطابق امریکی فوج گزشتہ 20سال سے اس ایئربیس پر موجود ہے اور اس کا دفاع کرتی آ رہی ہے۔ یہ ایئربیس افغانستان میں امریکی فوجی طاقت کا مرکز رہی ہے۔ اب آئندہ چند دنوں میں اس ایئربیس سے آخری امریکی فوجی دستہ بھی نکل جائے گا اور ایئربیس افغان فوج کے حوالے کر دی جائے گی۔

امریکی سنٹرل کمانڈ کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ بگرام ایئربیس پر 50فیصد سے زائد پیکنگ مکمل ہو چکی ہے۔ امریکی فوج کے ایئربیس سے نکلنے پر افغان فوج ٹیک اوور کرے گی۔بگرام ایئربیس پر ان 20سالوں میں طالبان نے کئی حملے کیے جن میں 15امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔

امریکی فوج کے انخلاءسے اس ایئربیس اور امریکی فوج کے ساتھ کام کرنے والے سینکڑوں افغان شہریوں کو روزگار کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ ان میں اکثریت ٹرانسلیٹرز کی ہے، جنہیں امریکہ کا سپیشل امیگرینٹ ویزا تاحال نہیں مل سکا۔واضح رہے کہ افغان جنگ میں 2001ءسے اب تک مجموعی طور پر 2ہزار 312امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں