وہ خاتون جس نے شیو ترک کرکے مردوں جیسی گھنی داڑھی رکھ لی

نیویارک: مردوں کی داڑھی تو ہوتی ہی ہے مگر گاہے کچھ خواتین کی بھی کسی طرح کے عارضے کا شکار ہو کر داڑھی نکل آتی ہے۔ امریکہ کی نیلی جین رابنسن نامی اس 35سالہ خاتون کا شمار بھی دنیا کی ان خواتین میں ہوتا ہے جن کی مردوں جیسی گھنی داڑھی ہے۔ رابنسن امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو کی رہائشی ہے اور پیشے کے اعتبار سے فنانشل اینالسٹ ہے۔وہ ’پولیسسٹک اووری سنڈروم‘ (Polycystic ovary syndrome)نامی عارضے کا شکار ہے جس کی وجہ سے اس کے چہرے پر مردوں کے جیسی داڑھی اگی ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بلوغت کی دہلیز پر قدم رکھتے ہی رابنسن کی داڑھی نکل آئی تھی۔ وہ سکول اور کالج میں اس پر شدید خفت محسوس کرتی تھی اور شیوکیے رکھتی تھی۔ چند سال قبل اس نے اپنے اس احساس کمتری پر قابو پایا اور شیو کرنا ترک کر دی۔ اب وہ سوشل میڈیا پر اپنی داڑھی والی تصاویر پوسٹ کرتی ہے جنہیں لوگ بے حد پسند کرتے ہیں اور اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

نیلی جین رابنسن کا کہنا ہے کہ ”اپنے احساس کمتری پر قابو پانے اور خفت کو خوشی میں بدلنے کے بعد اب میں اسی صورتحال سے دوچار دیگر خواتین کے لیے کام کر رہی ہوں۔ میں سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر پوسٹ کرکے ایسی خواتین کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ آپ جس طرح کی ہیں، خود کو اسی حالت میں قبول کریں اور اس پر شرمندگی محسوس نہ کریں۔

آپ داڑھی کے ساتھ بھی دنیا کے سامنے آئیں گی تو لوگ آپ کو قبول کریں گے اور جو نہیں کریں گے، ان کی پروا مت کریں۔جب تک میں ایسا سوچتی رہی، ایک قیدی کی سی زندگی گزارتی رہی اور جب سے میں نے اپنے ریزر وغیرہ گھر سے باہر پھینکے ہیں، مجھے آزادی کا احساس ہو رہا ہے۔“

اپنا تبصرہ بھیجیں