ویکسین لگوانے سے انکاری خاتون کورونا سے ہی چل بسی

نیویارک: کورونا وائرس کی ویکسین کے متعلق کئی طرح کی افواہیں پائی جا رہی ہیں، جن کی وجہ سے کئی لوگ اسے لگوانے سے گریزاں ہیں۔ ایسے ہی لوگوں کے لیے ایک عبرتناک خبر آ گئی ہے۔

دی مرر کے مطابق امریکہ میں ایک خاتون نے افواہوں میں بیان کردہ مضراثرات کے ڈر سے ویکسین لگوانے سے انکار کر دیا اور پھر کورونا وائرس کی بھارتی قسم میں مبتلا ہو کر دنیا سے رخصت ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق اس 45سالہ خاتون کا نام ٹریشا جونز تھا جو دو بچوں کی ماں تھی اور امریکی شہر کینسس کی رہائشی تھی۔

ٹریشا نے کورونا ویکسین کے خوفناک سائیڈ ایفیکٹس کے متعلق کہانیاں سن رکھی تھیں جو ہم نے بھی سن رکھی ہیں، جس کی وجہ سے اس نے ویکسین لگوانے سے انکار کر دیا۔ ٹریشا کے بیٹے کو سکول سے وائرس منتقل ہوا، جو بیٹے کے ذریعے ٹریشا میں منتقل ہو گیا اور اس کی حالت بگڑ گئی۔

اب ٹریشا کی فیملی کے افراد دیگر لوگوں کو تنبیہ کر رہے ہیں کہ ویکسین سے متعلق پھیلی افواہوں پر کان مت دھریں اور ویکسین لگوائیں ورنہ ان کے عزیز و اقارب کو بھی ایسی ہی تکلیف دہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس سے وہ خود دوچار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں