پاکستان مخالف بیان، فواد چوہدری نے افغان نائب صدر کو آڑے ہاتھوں لے لیا

اسلام آباد : پاکستان مخالف بیان دینے پر فواد چوہدری نے افغان نائب صدر کو آڑے ہاتھوں لے لیا ، وفاقی وزیراطلاعات و نشریات نے امراللہ صالح کو ’مردار خور لکڑ بھگا‘ قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ افغانستان بہادر قوم کا ملک ہے، نہ کہ تمہارے جیسے لکڑ بھگوں کا ، تم لوگوں کو افغانستان یا اس خطے سے بہت معمولی سی دلچسپی ہے، کیوں کہ تم تو صرف کچرا چننے والے مردار خور ہو جو وقت آتے ہی محفوظ ٹھکانوں کی طرف فرار ہوجاؤ گے۔

علاوہ ازیں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ افغانستان میں کارروائی کے حوالے سے پاک فضائیہ سے متعلق افغان نائب صدر کے الزامات بے بنیاد ہیں ، پاکستان نے افغانستان میں کوئی کارروائی نہیں کی ، کسی اور کی سر زمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ، افغان امن عمل کی کامیابی کے لیے اپنا کردارسنجیدگی سے ادا کر رہے ہیں ،
افغانستان میں اگر کشیدگی ہوتی ہے تو اس کا اثر پاکستان پر ہو گا ، پر امن افغانستان کا اثر بھی پاکستان پر ہوگا ، پاکستان میں امن افغان کی صورتحال پر منحصر ہے، افغانستان میں حالات خراب ہوئے تو پاکستان میں دہشتگردوں اور سلیپر سیل کے دوبارہ فعال ہونے کا خدشہ ہے، دہشتگرد تنظیمیں آپس میں اتحاد کر سکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں