نور مقدم قتل کیس; امریکی سفارتخانے کے عملے کی ظاہر جعفر سے ملاقات

اسلام آباد : نور مقدم قتل کیس کے مشتبہ ملزم ظاہر جعفر سے امریکی سفارتخانے کے عملے کی ملاقات ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق ظاہر جعفر سے امریکی سفارتخانے کے عملے نے کل ملاقات کی۔ قومی اخبار ڈان نیوز کے مطابق سفارتخانے نے پولیس سے ملزم سے ملاقات کی درخواست کی تھی کیونکہ ظاہر جعفر امریکہ اور پاکستان کی دوہری شہریت رکھتا تھا۔

افسران نے بتایا کہ پولیس کے اعلیٰ افسران نے اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا اور ملاقات کے لیے سفارت خانے کے عملے کو اجازت دی جو ایک سینئر پولیس آفیسر کے دفتر میں ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق ملاقات کے پہلے مرحلے کے دوران سفارتخانے کے عملے نے پولیس کے دو سینئر افسران کی موجودگی میں ملزم سے ملاقات کی۔ بعدازاں دوسرے مرحلے میں ملاقات پولیس افسران کی عدم موجودگی میں ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک پولیس افسر نے سفارتخانے کے عہدیداروں کو اس کیس میں اب تک ہونے والی پیشرفت سے آگاہ بھی کیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بعد ازاں ملزم کو کوہسار تھانے کے لاک اپ میں منتقل کردیا گیا تھا۔ امریکی سفارتخانے کی ترجمان ہیتھر ایٹن نے ملاقات کی تفصیلات کے لیے رابطہ کیے جانے پر کہا کہ رازداری کے خدشات کی وجہ سے اس کیس پر تبصرہ نہیں کرسکتی۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا سفارت خانہ اس معاملے کی پیروی کررہا ہے یا کسی اتھارٹی سے رابطے میں ہے؟ تو انہوں نے اس حوالے سے بھی کوئی معلومات دینے سے انکار کر دیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ انسپکٹر جنرل پولیس قاضی جمیل الرحمٰن، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (آپریشن) افضال احمد کوثر اور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (انوسٹی گیشن) عطا الرحمٰن سے بھی اسی نوعیت کے سوالات کیے گئے تاہم انہوں نے اس ملاقات کے ہونے سے نہ انکار کیا اور نہ ہی اس کی تصدیق کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں