لاہور: لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون ٹک ٹاکر کے ساتھ پیش آنے والے واقعے نے سب کے دل دہلا دیئے ہیں۔جہاں منچلوں کا ہجوم خاتون سے بدتمیزی کرتا رہا۔فوٹیج وائرل ہونے پر پولیس نے چار سو افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔مقدمے کے متن میں بتایا گیا ہے کہ 14 اگست کو جشن آزادی کے دن لوگوں کی بڑی تعداد گریٹر اقبال پارک میں جمع تھی۔
ٹک ٹاک پر خاتون عائشہ اکرام اپنے دوستوں عامر سہیل اور صدام حسین کے ساتھ وہاں پہنچی اور ویڈیو بنانا شروع کر دی کہ اچانک منچلوں کے ایک گروہ نے خاتون پر ہلہ بول دیا۔کپڑے پھاڑے اور ہوا میں اچھالتے رہے۔خاتون دہایاں دیتی رہی لیکن کسی نے نہ سنی۔خاتون نے مشکل سے اس ہجوم سے جان چھڑائی۔ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو پولیس نے چار سو افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
مقدمے میں سرعام خاتون کو برہنہ کرنے اور ہنگامہ آرائی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔انہوں نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ویڈیو آئی جی کو بھیجی اور ملزمان کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ طلب کی۔
سوشل میڈیا پر واقعے سے متعلق مزید کئی ویڈیوز بھی گردش کر رہی ہیں۔