اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں لوگ وزیراعظم عمران خان کی جگہ لینا چاہ رہے ہیں۔
قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں معاشی بحران بد سے بدتر ہوتا جارہا ہے، حکومت نے اپنے وزیر خزانہ کو رخصت کرکے کمیٹی کا چیئرمین بنادیا، معیشت کی ٹیم جس طرح بیگ ساتھ لے کر آئی ہے اور اسی طرح واپس جائے گی، چیئرمین ایف بی آر، گورنر اسٹیٹ بینک اور مشیر خزانہ آئی ایم ایف کے کہنے پر لگے، آئی ایم ایف کے بندے ہمارے اوپر آکر بیٹھ جائیں اس سے زیادہ کیا توہین ہوگی۔
رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کے انٹرویو پر مبنی کالم میں حقائق سامنے آنے کے بعد حکومت الرٹ ہو گئی، چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنے کیلئے ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، ان کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے، اس معاملے پر حکومت کا ردعمل شرمناک ہے، لوگوں کے عیبوں پر پردہ نہیں ڈالیں گے تو آپ کے عیب بھی مشتہر ہوں گے،قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کو اس معاملے کی تحقیقات کرنا چاہئیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ نیب کے قوانین میں ترمیم نہ کروانا ہم سب کی کوتاہی ہے، نیب نے انتقامی کارروائیاں شروع کررکھی ہیں، نواز شریف، شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی اور سعد رفیق نیب کی زد میں ہیں۔
اپوزیشن رہنما کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں لوگ وزیراعظم عمران خان کی جگہ لینا چاہ رہے ہیں۔ اسپیکر صاحب کو بھی پتہ ہے۔ جس پر اسپیکر نے استفسار کیا کہ مجھے کیا معلوم ہے، جس پر ایوان میں قہقہے گونج اٹھے۔