سعودی تیل بردار بحری جہازوں پر حملے میں ایران ملوث ہے، امریکا

ابو ظہبی: امریکا کے مشیر قومی سلامتی جان بولٹن نے دعویٰ کیا ہے کہ اس بات میں تقریباً کوئی شک نہیں رہا کہ امریکا کو تیل فراہمی پر مامور سعودی بحری جہازوں پر حملے میں ایران ملوث ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے مشیر قومی سلامتی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قابل اعتماد ساتھی جان بولٹن نے ابوظہبی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلیج عمان میں سعودی عرب کے تیل بردار بحری جہازوں کو ایران کی بحری آبدوزوں نے نشانہ بنایا۔

مشیر قومی سلامتی جان بولٹن نے مزید کہا کہ تیل بردار سعودی بحری جہازوں پر حملہ آور ملک کے حوالے سے امریکا میں کسی کے زہن میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے کیا آپ لوگوں میں سے کوئی ہے جو یہ سمجھتا ہو کہ یہ حملہ نیپال نے کیا ہو؟ اور اس کا جواب ہوگا ہرگز نہیں۔
خلیج عمان میں سعودی تیل بردار بحری جہازوں پر نامعلوم سمت سے حملے کی تحقیقات کے لیے 5 ممالک کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں امریکا بھی شامل ہے اور اسی سلسلے میں جان بولٹن متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں وہ امیر ابوظہبی سمیت اہم حکام سے ملاقات کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں