بھارت میں کچرے کے پہاڑ کی اونچائی تاج محل سے بھی بلند

نئی دلی: بھارتی شہر غازی پور میں کچرے کے انبار شہرہ آفاق تاریخی عمارت تاج محل سے بھی بلند ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کے شہر غازی پور ایک مقام پر شہر کے کونے کونے سے لائے جانے والا کچرا پہاڑ کی شکل اختیار کرگیا جس کی اونچائی اب تاج محل سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔

کچرے کی اس آماج گاہ کا رقبہ 4 فٹبال گراؤنڈ کے برابر ہوگیا ہے اور اس کی بلندی 213 فٹ ہوگئی ہے یعنی ایک 4 منزلہ عمارت سے بھی تجاوز کرگئی ہے جو روز بروز بڑھتی جارہی ہے اور 2020 میں 73 میٹر تک ہوجائے گی۔

میونسپل کمیٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غازی پور کے اس مقام پر روزانہ 2 ہزار ٹن کچرا پھینکا جاتا ہے، یہاں کچرا جلایا بھی جاتا ہے۔ کوے، چیل، کتے اور بلیوں کی بھرمار ہے، دھوئیں اور تعفن سے تمام علاقہ آلودگی کا شکار ہے۔
ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے رہائشیوں میں سانس اور پیٹ کے امراض پھوٹ پڑے ہیں، 2013 سے 2017 کے دوران دہلی میں 981 شہری سانس کی بیماری کے باعث ہلاک ہوئے اور 17 لاکھ افراد کو انفیکشن ہوا۔

واضح رہے کہ بھارت دنیا بھر سب سے زیادہ کچرا پیدا کرنے والے ممالک میں سر فہرست ہے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سالانہ 62 ملین ٹن کچرا پھینکا جاتا ہے جو اگلے 10 سال کے بعد 165 ٹن سالانہ تک پہنچ جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں