شراب پی کر گاڑی چلانے پر معروف اداکارہ کو گرفتار کر لیا گیا

لندن: برطانوی ماڈل و اداکارہ کیٹی پرائس کو شراب پی کر گاڑی چلانے اور حادثے کا سبب بننے پر گرفتار کر لیا گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق 43سالہ اداکارہ کو آج صبح سسیکس کے علاقے میں حراست میں لیا گیا۔ وہ شراب کے نشے میں دھت ہو کر گاڑی چلا رہی تھی جس سے گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ اس حادثے میں اداکارہ زخمی ہو گئی جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سسیکس پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ”پولیس کو صبح 6بج کر 20منٹ پر پارٹریج گرین کے قریب ایک کار کو حادثہ پیش آنے کی اطلاع ملی۔ جب آفیسرز جائے وقوعہ پر پہنچے تو گاڑی الٹی پڑی تھی۔ 43سالہ خاتون یہ گاڑی چلا رہی تھی جس نے قانونی حد سے زیادہ شراب پی رکھی تھی اور دیگر منشیات استعمال کر رکھی تھیں۔ خاتون کو گرفتار کرکے زخموں کے پیش نظر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور اس کی گاڑی کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔“

اپنا تبصرہ بھیجیں