عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران لوڈشیڈنگ ہو گی یا نہیں ؟ اعلان ہو گیا
اسلام آباد :وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف مہم چلانے کیلئے پرعزم ہے۔ایک بیان میں وفاقی وزیر توانائی عمرایوب نے کہا کہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں لوڈشیڈنگ اور لوڈ مینجمنٹ نہیں کی جائے گی۔ عمرایوب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک بھر میں آٹھ ہزار سات سو نوے فیڈرز میں سے اسی فیصد فیڈرز پرلوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات پر پہلی مرتبہ رمضان المبارک میں سحر اور افطار کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی گئی۔عمر ایوب نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں بجلی چوری کے خلاف مہم چلانے کے لیے پْرعزم ہے۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عید کی چھٹیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ عید کی چھٹیوں میں ملک بھر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔