سیاسی اسیر محمد نواز شریف کے بغیر عید کی خوشیاں نامکمل ہیں، شہباز شریف

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستانی قوم، مسلم امہ اور بیرون ممالک پاکستانیوں کو مبارک دیتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ میری قوم اور ملک کو مصائب سے نجات دے اور خوشحالی و ترقی اس کا مقدر فرمادے، اللہ تعالیٰ کشمیر و فلسطین کے مسلمانوں کو ظلم سے نجات عطا فرمائے، عید کی خوشیوں کو مناتے ہوئے ہم کشمیر اور فلسطین کے اپنے مظلوم بھائیوں، بہنوں کو نہیں بھول سکتے، کشمیر اور فلسطین کی آزادی تک امت مسلمہ کی خوشیاں ادھوری ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک و قوم اور جمہوریت کے لئے قربانیاں دینے والے سیاسی قیدیوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، سیاسی اسیر محمد نوازشریف کے بغیر عید کی خوشیاں نامکمل ہیں، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ نوازشریف جلد رہا ہوں، خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق، فواد حسن فواد، احد چیمہ سمیت تمام سیاسی اسیروں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان کو ملک وقوم کی خدمت اور ایمانداری پرشاباش ملنی چاہیے، سیاسی انتقام کی بنیاد پران کی سزا کی سیاہ رات جلد ختم ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں