پاکستان میں انٹرنیٹ کی اسپیڈ بحال ہونے میں کئی دن لگ سکتے ہیں

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونکیشن کمپنی(پی ٹی سی ایل)کا کہنا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ کی مکمل بحالی میں کچھ روزلگیں گے اور ویب براﺅزنگ کے ساتھ ساتھ فیس بک، یوٹیوب، انسٹاگرام استعمال کرنے والوں کو بھی مسائل کا سامنا رہے گا. پاکستان بھر کے صارفین کو پیر کے روز سے انٹرنیٹ سروسز تک رسائی میں دشواری کا سامنا ہے ترجمان پی ٹی سی ایل کے مطابق پاکستان میں انٹرنیٹ فراہم کرنے والی بین الاقوامی زیرآب کیبل سسٹم اے اے ای-1 میں خرابی کے نتیجے میں ملک میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہیں اورپی ٹی سی ایل بین الاقوامی سب میرین کنسورشیم کے ساتھ مل کر ملک بھر میں انٹرنیٹ کی صورتحال بحال کرنے کے لیے کام کر رہی ہے.

ترجمان پی ٹی سی ایل نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں اپنے صارفین کو پیش آنے والی مشکلات پر افسوس ہے اور جیسے ہی سروسز مکمل طور پر بحال ہوں گی صارفین کو آگاہ کریں گے تاہم ترجمان نے یہ واضح نہیں کیا کہ انٹرنیٹ سروسز کب تک بحال ہوں گی. رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی اس معاملے سے آگاہ کیا پی ٹی اے کے مطابق پاکستان کو انٹرنیٹ کے ذریعے دنیا سے جوڑنے والی بین الاقوامی کیبلز میں سے ایک میں خرابی کے پیش نظر صارفین کو بلا تعطل انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کے لیے متعلقہ سروس پرووائیڈرز کی جانب سے اضافی بینڈوتھ کے ذریعے متبادل انتظامات کیے گئے ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں