اسلام آباد: تحریک انصاف کی حکومت پہلے مالی سال کے دوران تمام اقتصادی اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی۔
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے معاشی استحکام اور اداروں کی بہتری کے لئے سات نکاتی حکمت عملی کا اعلان کردیا اور کہا کہ ڈیفالٹ سے بچنے کیلیے مشکل فیصلے کرنا پڑینگے ،مہنگائی برداشت کرنا ہوگی ۔
پریس کانفرنس میںمشیر تجارت عبدالرزاق داود ،وزیر توانائی عمر ایوب،وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر،چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی،سیکریٹری خزانہ نوید کامران بلوچ سمیت دیگر ٹیم ممبران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر جاری کی گئی اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران معاشی ترقی کا ہدف 6.2فیصد تھا لیکن یہ شرح 3.3 فیصد رہی۔ زرعی شعبے کی شرح نموکا ہدف 3.8 فیصد تھا جو 0.85 فیصد رہی ، بڑی فصلوں کی گروتھ 3 فیصد ہدف کے مقابلے میں منفی 6.55 فیصد جبکہ دیگر فصلوں شرح نمو 3.5 فیصد ہدف کے مقابلے میں 1.95 فیصد رہی ۔