افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے اسلام آباد تباہ حال شہر ہے، سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے اسلام آباد تجاوزات کیس میں ریمارکس دیے ہیں کہ افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے وفاقی دارالحکومت تباہ حال شہر ہے۔

سپریم کورٹ میں اسلام آباد تجاوزات کیس کی سماعت ہوئی تو عدالت نے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور میئر اسلام آباد پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

سپریم کورٹ نے ہائی ویز اور موٹر ویز پر ہر حادثے کا ذمہ دار چیئرمین این ایچ اے کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ حادثات کے دوران ہر جانی و مالی نقصان کے ذمہ دار چیئرمین این ایچ اے ہیں، ان کے خلاف کارروائی سے پہلے چیئرمین این ایچ اے کو غلطی سدھارنے کا موقع دیتے ہیں۔
قائم مقام چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ این ایچ اے بہت کرپٹ ادارہ ہے، این ایچ اے افسران کی ناک سے کرپشن کا پیسہ نکلوائیں گے، افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ اسلام آباد تباہ حال شہر ہے۔

جسٹس گلزار احمد نے میٹرو بس منصوبے پر بھی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کے درمیان میں بس چلا کرکونسا تیرمارا ہے؟، بس سائیڈ پر بھی چلاتے تواربوں روپے کی بچت ہو سکتی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں