اومی کرون کے پھیلاؤ سے متعلق خطرے کی گھنٹی بجا دی گئی

اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے اومی کرون کے پھیلاو سے متعلق خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ تفصیلات کے مطابق این سی اوسی کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کی پانچویں لہر اومی کرون کی صورت میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ سربراہ این سی اوسی اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اجلاس میں کورونا کیسز کے اعدادوشمار،ویکسینیشن پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا۔ این سی اوسی نے خبردار کیا کہ کورونا کی پانچویں لہر اومی کرون کی صورت میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ کراچی میں گذشتہ 3 روز میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2 فیصد سے 6 فیصد ہوگئی۔ جبکہ اسلام آباد میں مزید 34 افراد میں نئے وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

شہر اقتدار میں مجموعی تعداد 100 تک پہنچ گئی ہے، متاثرین کی اکثریت نے ویکسی نیشن نہیں کروائی تھی۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق لاہور سمیت پنجاب میں اومی کرون کیسز کی تعداد 36 ہوگئی۔اومی کرون کے 33 کیسز لاہور سے رپورٹ ہوئے۔ این سی اوسی اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کورونا ویکسین لگوانے والے افراد اومی کرون سے کم متاثر ہوتے ہیں۔ این سی اوسی کا کہنا ہے کہ شہری کورونا کی پانچویں لہر سے بچنے کےلیے ویکسین لازمی لگوائیں۔ ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے پر عملدرآمد کیا جائے۔