وزیراعظم کے مشیر شہزاد اکبر نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا

اسلام آباد : وزیراعظم عمرا ن خان کے مشیر احتساب شہزاد اکبر نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا .

تفصیلات کےمطابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر خاص برائے احتساب شہزاد اکبر نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں نےبطور مشیر اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو بھیج دیاہے ، امید ہے عمران خان کی قیادت میں احتساب کا عمل جاری رہے گا،پارٹی سے منسلک رہوں گا اور قانونی خدمات دیتا رہوں گا۔

اس سے قبل یہ خبریں میڈیا میں گردش کر رہی تھیں کہ وزیراعظم عمران خان اپنے مشیر شہزاد اکبر سے ناراض ہیں۔نجی ٹی وی سماء نیوز کا کہناہے کہ عمران خان نے احتساب کے عمل میں سستی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا، وزیراعظم نے کہاتھا کہ اوپن اینڈ شٹ کیسز بھی عدم پیروی کے باعث التواء کا شکار ہیں۔