شہزاد اکبر کے استعفے کی وجہ وزیراعظم کی ناراضی تھی، ذرائع

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی وجہ سامنے آگئی جس کے مطابق شہزاد اکبر کے استعفے کی وجہ وزیراعظم کی ناراضی تھی۔ ذرائع کے مطابق کچھ روزقبل وزیراعظم نے شہزاد اکبر سے عدالتوں میں مقدمات کی تفصیلات مانگیں، شہزاد اکبر نے جو تفصیلات وزیراعظم کو دیں وہ نامکمل تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ اور دستاویزات میں واضح فرق تھا، وزیراعظم کو بتائی گئی مقدمات کی ٹائم لائنز میں بھی فرق تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمات کی صورت حال اور وزیراعظم کودی گئی بریفنگ میں بھی تضاد تھا، دو روز قبل وزیراعظم نے شہزاد اکبر پر اظہار ناراضی کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آفس نے آج شہزاد اکبر سے استعفیٰ دینے کا کہا تھا۔