مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 2 نوجوان شہید

سری نگر: قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران 2 کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر انسانیت سوز مظالم کی دھجیاں بکھیر دیں اور دو نہتے نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔

بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے سرچ آپریشن کے دوران داخلی اور خارجی راستوں پر بھاری نفری تعینات کردیں اور مریضوں کو بھی اسپتال جانے کی اجازت نہیں دی گئی، انٹرنیٹ سروس اور موبائل سروس بند کردی گئیں۔
کٹھ پتلی انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں سری نگر سے بنی ہال کے درمیان چلنے والی ٹرین سروس بھی بند کردی جس سے مسافروں کو نہایت دشواری اور کوفت کا سامنا رہا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ 210 گرفتار کشمیریوں کی کیس اسٹڈی کی گئی، ان افراد کو کالے قانون کے تحت گرفتار کیا گیا اور شفاف ٹرائل اور متعلقہ حقوق سے ناصرف محروم رکھا گیا بلکہ ضمانت کا حق بھی نہیں دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں