آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور گرفتار

قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیپلز پارٹی کی رہنما اور آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو اسلام آباد کے علاقے ایف ایٹ سے گرفتار کرلیا ہے تاہم انہیں نیب دفتر کی بجائے اپنے گھر میں ہی نظربند رکھا جائے گا۔

نیب راولپنڈی نے جعلی بینک اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کو وفاقی دارالحکومت سے گرفتار کرلیا ہے۔ فریال تالپور کو ایف ایٹ میں آصف زرداری کے گھر کے سامنے ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔

نیب اعلامیے کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں زیر حراست فریال تالپور کے گھر کو ہی سب جیل قراردیا گیا ہے اور انہیں نیب دفتر کی بجائے اپنے گھر میں ہی نظر بند رکھا جائے گا، اور انہیں کل صبح احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، اس وقت ڈائریکٹر نیب شیخ شعیب،ڈپٹی ڈائریکٹرزمجتبٰی خان، افشاں بشارت سب جیل رہائش گاہ پر موجود ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فریال تالپور تاحکم ثانی اپنے گھر میں مقید رہیں گی، نیب نے ان کی عزت نفس کا پہلے بھی احترام کیا اور آئندہ بھی اس کا خیال رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں