صدرپیوٹن کویوکرین پرحملے کی قیمت چکانا پڑے گی

واشنگٹن : امریکی صدرجوبائیڈن کا کہنا ہے کہ آمروں کواپنے غلط اقدامات کی قیمت چکانی پڑتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے سٹیٹ آف دی یونین خطاب میں کہا کہ آمر جب سبق نہیں سیکھتے توافراتفری پھیلاتےہیں، ہم نے اپنی تاریخ سے یہی سبق سیکھا ہے، 6 روز قبل پیوٹن نے آزاد دنیا کی بنیادیں ہلانے کی کوشش کی۔

امریکہ یوکرین کی حکومت اورعوام کے ساتھ ہے۔ روس کے صدرولادی میرپیوٹن نے یوکرین کے بارے میں غلط اندازہ لگایا۔آمروں کواپنی غلطیوں کی قیمت چکانا پڑتی ہے انہیں بھی چکانا ہوگی۔ صدرجوبائیڈن کا کہنا تھا کہ پیوٹن نے یوکرین پرحملہ کرکے آزاد دنیا کی بنیاد ہلانے کی کوشش کی ہے لیکن وہ غلطی پرہیں۔روسی صدرکواپنے غلط فیصلے کی قیمت چکانا پڑے گی جس کے اثرات دیرپا ہوں گے۔

پیوٹن نے یورپ کو تقسیم کرنےکی کوشش کی، ہم جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، پیوٹن سمجھتےہیں وہ ہماری صفوں میں تفریق پیدا کرسکتےہیں، پیوٹن کا یوکرین پر حملہ کرنا سوچا سمجھا منصوبہ تھا۔ روسی صدرسمجھتے ہیں یورپ اور نیٹو اس پرردعمل نہیں دیں گے، روسی کرنسی روبل اپنی 40 فیصد قدر کھو چکی ہے، آج سے تمام روسی طیاروں کے لیےامریکی فضائی حدود بند کردی گئیں، امریکا اور اتحادی پوری طاقت سےاپنی سرحدوں کی حفاظت کریں گے۔