گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ

اسلام آباد : گاڑیوں اور بائیک اسمبلرز نے ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی، سمندر کے ذریعے درآمد کیے جانے والے پرزہ جات اور خام مال کے زیادہ اخراجات کا حوالہ دیتے ہوئے قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔ قومی اخبار ڈان نیوز میں شائع رپورٹ کے مطابق گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں تازہ ترین اضافے کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر کمی کے اعلان کے ایک روز بعد سامنے آیا ۔

لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ نے (ایل ایم سی ایل) اپنی گاڑیوں کے مختلف ماڈلز پر یکم مارچ سے 2 لاکھ 12 ہزار روپے سے 4 لاکھ 75 ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا ہے۔ پیکانٹو ایم ٹی ماڈلز 24 لاکھ روپے اور پیکانٹو ماڈل اے ٹی 25 لاکھ روپے میں دستیاب ہیں، اسپورٹیج الفا، ایف ڈبلیو ڈی اور اے ڈبلیو ڈی کی قیمتیں بالترتیب اب 55 لاکھ اور 60 لاکھ روپے ہیں، اضافے کے بعد اسٹونک ای ایکس اور ای ایکس پلس ماڈلز کی قیمتیں اب 41 لاکھ 50 ہزار اور 44 لاکھ 50 ہزار ہوگئی ہیں۔