بھارتی عملہ غائب، یوکرین میں پھنسے بھارتی طلبہ کو پاکستان کی مدد مل گئی

یوکرین : یوکرین پر روسی حملے کے بعد وہاں پھنسے بھارتی طالبعلموں کی حفاظت کرنے میں بھارت ناکام ہو گیا، لیکن اس مشکل وقت میں انسانیت کی اعلی مثال قائم کرتے ہوئے پاکستان نے بھارتی طالبعلموں کے لیے اپنے دروازے کھول دیئے۔ تفصیلات کے مطابق روس کے یوکرین پر مسلسل حملوں کے نتیجے میں بھارتی طالب علموں کو یوکرین سے بحفاظت نکلنے میں پریشانی کا سامنا ہے جسے دیکھتے ہوئے پاکستانی سفارتخانے نے اپنی خدمات پیش کردیں۔

پاکستانی سفارتخانے نے بھارتی طلبہ کو پناہ دی جسے عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے۔ اس وقت یوکرین میں جنگی حالات میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کے ساتھ ساتھ پاکستان بھارتیوں کی بھی مدد کر رہا ہے، جبکہ ان کا اپنا عملہ غائب ہے، جس کی تصدیق بھارتی خود کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی طالبعلم کی جانب سے ایک ویڈیو شئیر کی گئی ، جس میں بھارتی طالبعلموں کو پاکستانی سفارت خانے میں آرام سے بیٹھے کھانا کھاتے دیکھا جا سکتا ہے۔