اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یہ عوام دشمن بجٹ ہے اس لیے پورا زور لگائیں گے کہ عوام دشمن بجٹ منظور نہ ہو۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارٹی صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں پارٹی قائد نواز شریف کی صحت یابی کے لئے دعا بھی کی گئی۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف سے میری ملاقات ہوئی وہ بہت ہائی سپرٹ میں تھے اور ملکی حالات پر بہت پریشان ہیں جب کہ میرے بارے میں طرح طرح کی افواہیں پھیلانے کی کوشش کی جاتی رہی ہیں۔
بجٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ عوام دشمن بجٹ ہے اس لیے پورا زور لگائیں گے کہ عوام دشمن بجٹ منظور نہ ہو، حکومت جان بوجھ کر بجٹ پر بحث نہیں ہونے دے رہی اور یہ پارلیمانی تاریخ میں پہلی دفعہ حکومت خود بجٹ پر بحث شروع نہیں ہونے دے رہی۔