اپنی شادی کے روز دولہا فرار ہوگیا

نیویارک: شادی کے روز دلہن کے بھاگ جانے کی خبریں تو گاہے سننے کو ملتی رہتی ہیں، تاہم آپ کو یہ سن کر حیرت ہو گی کہ گزشتہ دنوں امریکہ میں ایک دولہا اپنی شادی کے دن فرار ہو گیا اور دلہن بیچاری چرچ میں بیٹھی انتظار کرتی رہ گئی۔ دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق ویب سائٹ ’Reddit‘ پر ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایبی نامی دلہن اور بین نامی دولہا ایک دہائی سے زائد عرصے سے تعلق میں تھے اور ان کی منگنی کو بھی 8سال گزر چکے تھے، تاہم دولہا نفسیاتی عارضے کا شکار ہونے کی وجہ سے طویل مدتی تعلق سے کتراتا تھا۔

پوسٹ میں دولہا کی بہن کے حوالے سے بتایا گیا کہ ان کا والد انہیں بچپن میں ہی چھوڑ کر چلا گیا تھا اور انہوں نے ایک تکلیف دہ بچپن اور لڑکپن گزارا، اسی کے اثرات ان کی ذہنی صحت پر پڑے۔ بین اس صورتحال سے کچھ زیادہ متاثر ہوا اور ایسے ذہنی عارضے میں مبتلا ہو گیا جس میں وہ کمٹمنٹ کرنے اور نبھانے سے کوسوں دور بھاگتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پہلے تو سب لوگ دلہن کو تسلیاں دیتے رہے کہ دولہا کہیں ٹریفک میں پھنس گیا ہو گا یا اس نے رات کو بہت زیادہ شراب پی لی ہو گی اور صبح بیدار نہ ہوسکا ہو گا تاہم جب ان لوگوں کو چرچ میں انتظار کرتے پانچ گھنٹے گزر گئے تو دولہا کی بہن نے ہی اس قصے کو ختم کرنے اور دلہن کو حقیقت بتانے کا فیصلہ کیا۔

اس نے اپنے بھائی کو کال ملائی اور اوپن سپیکر پر کرکے آواز دلہن اور مہمانوں کو سنا دی۔ کال میں دولہا اپنی بہن کو بتاتا ہے کہ وہ اپنی دلہن سے شادی نہیں کرنا چاہتا۔ وہ اس کال میں اپنی ذہنی حالت کے متعلق بھی بات کرتا ہے۔ یہ باتیں سن کر دلہن اور مہمان وہاں سے رخصت ہو گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں