لاہور: بھارت سے شکست کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد لندن آمد پر میڈیا سے بغیر کوئی بات کیے ہوٹل روانہ ہوگئے۔
بھارت کے ہاتھوں شکست کا صدمہ اٹھائے پاکستان ٹیم مانچسٹر سے لندن پہنچی تو بس سے اترتے ہی میڈیا کے چند نمائندوں نے سوالات پوچھنے کی کوشش کی، ٹیم میں گروہ بندی کا سوال بار بار دہرایا گیا، جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ کوئی بھی بات ہے تو میڈیا منیجر رضا راشد سے پوچھیں، اتنا کہنے کے بعد کپتان اپنے بیٹے عبداللہ کو اٹھائے اکیلے ہی ہوٹل کی جانب روانہ ہوگئے جب کہ دیگر کھلاڑی کافی فاصلے پر رہے۔
سرفراز احمد کی ہوٹل میں انٹری کے بعد عماد وسیم اور باقی کرکٹرز تھوڑے وقفے سے استقبالیہ کی جانب بڑھے، اس وقت کا ماحول کھلاڑیوں میں ناخوشگوار تعلقات کی مہر ثبت کررہا تھا۔