سعودی عرب اور ترکی کا باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کا عزم

اسلام آباد : سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے نے ترک رہنما اور ولی عہد محمد بن سلمان کے گلے ملنے کی تصاویر شائع کی ہے۔

گو کہ رجب طیب ایردوآن کا یہ دورہ سعودی عرب کے حکمراں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر ہو رہا ہے تاہم دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات کو بہتر بنانے اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے حوالے سے تمام بات چیت ولی عہد محمد بن سلمان کر رہے ہیں۔

امریکی انٹیلی جنس کے مطابق محمد بن سلمان نے ہی امریکی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے منصوبے کی منظوری دی تھی تاہم ریاض اس الزام سے انکار کرتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ایردوآن اور محمد بن سلمان نے سعودی عرب اور ترکی کے تعلقات کا جائزہ لیا اور تمام شعبوں کو فرو غ دینے کے طریقہ کار پر بات چیت کی۔

ایک نئے دور کا آغاز
ترک صدر نے ایک ٹوئٹ کرکے کہا کہ انہوں نے سعودی رہنما سے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ ان کا ملک سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے کام کر رہا ہے اور یہ کہ ترکی کی سلامتی اور استحکام خلیج کی سلامتی اور استحکام کا حصہ ہے۔

اس سے قبل ایردوآن نے ایک بیان میں کہا تھا، “میرا دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز کرنے کے لیے ہماری مشترکہ خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان سیاست، عسکری تعاون، معیشت اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں بہتر تعلقات کے نئے دور کا آغاز کرنے کی کوششیں کریں گے۔”

اپنا تبصرہ بھیجیں