گورنر پنجاب کی تبدیلی تک صوبائی کابینہ کی تشکیل روکنے کا فیصلہ

لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی تبدیلی تک صوبائی کابینہ کی تشکیل روکنے کا فیصلہ کرلیا ۔ انگریزی روزنامہ ڈان کی ایک رپورٹ کے مطابق حمزہ شہباز کے بطور وزیراعلیٰ پنجاب حلف اٹھانے کے بعد نئی صوبائی کابینہ کی تشکیل موجودہ گورنر عمر سرفراز چیمہ کی برطرفی تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،

اس ضمن میں سینئر ن لیگی رہنماء کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پنجاب کابینہ کے لیے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لیے بات چیت جاری ہے تاہم گورنر پنجاب کی برطرفی تک یہ عمل ایک دو ہفتے کے لیے مؤخر ہونے کا امکان ہے کیوں کہ جب تک عمر سرفراز چیمہ عہدے پر ہیں وہ یقینی طور پر پنجاب کی نئی کابینہ کو حلف نہیں دلائیں گے جس کی وجہ سے ہمیں مجبوراً عدالت سے رجوع کرنا ہوگا اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ دوبارہ عدالت کی مداخلت کی بجائے اس مہینے کے وسط تک ان کی برطرفی کا انتظار کیا جائے۔

ادھر گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کی سمری ایک بار پھر صدر پاکستان کو بھیج دی گئی ، گورنر پنجاب کو ہٹانے کی سمری وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر صدر مملکت ڈاکتر عارف علوی کو ارسال کردی ہے ، نئی ایڈوائس کو 10 دن مکمل ہونے پر گورنر پنجاب خود ہی برطرف ہوجائیں گے ۔ بتاتے چلیں کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پہلے بھی ایک سمری صدر مملکت کو بھجوائی تھی جو کو 14 دن مکمل ہوچکے ہیں تاہم صدر مملکت نے اس سمری پر کوئی آرڈر جاری نہیں کیا جس کے بعد وزیراعظم نے ایک بار پھر گورنر پنجاب عمر چیمہ کو ہٹانے کی ایڈوائس صدرمملکت کو بھجوا دی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں