شہبازشریف کی تقریر بھی ہوگی اور عوام دشمن بجٹ بھی منظور نہیں ہونے دینگے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات سابق وزیر اطلاعات و ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان جتنا چاہیں ہنگامہ، شور اور غنڈا گردی کرائیں، شہباز شریف کی تقریر بھی ہوگی اور عوام دشمن بجٹ بھی منظور نہیں ہونے دیں گے۔

مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران صاحب جب آپ پارلیمنٹ میں اپنے وزراء کو ہنگامہ کرنے کی ہدایت کریں گے تو سوال تو اٹھیں گے۔ پارلیمان پر حملہ کرنے والا ہی صرف پارلیمان کی آواز سے ڈر سکتا ہے۔ عمران صاحب قصور آپ کا نہیں نالائق ، ووٹ چور ، سیلکٹڈ وزراعظم کو پارلیمان سے خوف ہی آئے گا۔ افسوس کہ آپ اپنے وزرا کو انتشار اور دھرنے کے سوا اور کچھ نہیں سکھا سکے۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب نے کابینہ اجلاس صرف پارلیمان میں انتشار اور اپوزیشن لیڈر کی بجٹ تقریر روکنے کے لئے باضابطہ ہدایت دینے کے لئے بلایا ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں ہنگامی آرائی کرنے والوں کو میڈل دیئے جائیں گے۔ عمران صاحب جان بوجھ کر سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت بجٹ پر بحث نہیں ہونے دے رہے۔ عمران صاحب نہیں چاہتے کہ شہباز شریف عوام دشمن ’آئی ایم ایف میڈ بجٹ‘ کے اصل حقائق عوام کو بتائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں