پاکستان میں معمول سے 9 ڈگری زیادہ گرمی پڑنے کا امکان

گرمی کے موسم کا سامنا کرتے پاکستان میں درجہ حرارت معمول سے کم و بیش نو ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہنے کا امکان ہے۔
بدھ کو محکمہ موسمیات کی پیشگوئی میں بتایا گیا ہے کہ درجہ حرارت کا یہ اضافہ ملک کے بیشتر علاقوں میں ہو سکتا ہے۔

گزشتہ روز جن علاقوں میں سب سے زیادہ گرمی پڑھی آج بھی وہاں کا درجہ حرارت زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
منگل کو پاکستان میں سے سب سے زیادہ درجہ حرارت سندھ کے شہر جیکب آباد میں ریکارڈ کیا گیا تھا جہاں پارہ 47 ڈگری پر تھا۔ پنجاب کا ضلع رحیم یار خان اور بلوچستان کا علاقہ سبی 46 ڈگری کے ساتھ دوسرے نمبر پر گرم ترین مقامات رہے تھے۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری تفصیل میں بتایا گیا تھا کہ شدید گرمی کی لہر کی وجہ سے بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہ سکتا ہے۔
بالائی اور وسطی سندھ، وسطی اور جنوبی پنجاب، بلوچستان میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت چھ تا آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
چھ مئی کو ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن نے اپنے الرٹ میں کہا تھا کہ ’پاکستان اور انڈیا میں ہیٹ ویو میں کمی عارضی ہے۔ آئندہ ہفتے سے موسم پھر سے گرم ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت معمول سے نو ڈگری زائد رہ سکتا ہے۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں