موت کے بعد زندگی، سائنسدانوں کو بڑی کامیابی مل گئی

نیویارک: مسلمانوں کا عقیدہ ہے کہ اللہ رب العزت موت کے بعد تمام انسانوں کو ایک بار پھر زندہ کرے گا تاہم سائنس تاحال اس ترقی کو نہیں پہنچی کہ اس حقیقت کی تصدیق کر سکے۔ بہرحال اب سائنسدانوں نے اس حوالے سے ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق امریکی سائنسدان مرنے والے لوگوں کی طرف سے عطیہ کی گئی آنکھوں کو دوبارہ زندہ کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس بریک تھرو کے بعد انسان کے دیگر اعضائ، بالخصوص دماغ، کو بھی موت کے بعد واپس زندگی کی طرف لانے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ کی یونیورسٹی آف اوٹاہ کے سائنسدانوں نے عطیہ کی گئی آنکھوں پرلیبارٹری میں تجربات کیے اور یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ یہ آنکھیں انتہائی مدھم روشنی میں بھی بالکل اسی طرح کام کر رہی تھیں، جیسے زندہ ہوتے ہوئے کرتی تھیں۔ ان آنکھوں کے ریٹینا میں پائے جانے والے خلیے اس آدمی کی موت کے 5گھنٹے بعد تک روشنی آنے پر ردعمل دیتے رہے۔

تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر فاطمہ عباس کا کہنا تھا کہ آنکھ کے ریٹینا میں جو نیورانز پائے جاتے ہیں وہی انسان کے مرکزی عصبی نظام(دماغ اور ریڑھ کی ہڈی وغیرہ)میں ہوتے ہیں۔ لہٰذا اگر ریٹینا کے نیورانز موت کے پانچ گھنٹے بعد تک زندگی کی طرف واپس لائے جا سکتے ہیں تو اس سے ایک امید پیدا ہوئی ہے کہ دماغ سمیت پورے مرکزی عصبی نظام کے نیورانز کو بھی واپس زندگی کی طرف لایا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں