ایک ہی بچے کو دو بار جنم دینے والی خاتون، حیران کن کہانی

نیویارک: ایک بار ہی بچے کو جنم دینا ماں کے لیے مشکل مرحلہ ہوتا ہے لیکن ایک امریکی ٹک ٹاکر خاتون نے ایک ویڈیو میں اپنے بیٹے کو دو بار جنم دینے کے متعلق ایسا انکشاف کیا ہے کہ لوگ حیران رہ گئے۔ دی سن کے مطابق جیڈن ایشلے نامی اس لڑکی نے اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ @jaiden.ashleaپر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں بتایا ہے کہ جب اس کا حمل 19ہفتے کا تھا تو اس کے پیٹ میں پرورش پاتے بچے کے متعلق ڈاکٹروں نے ایک تکلیف دہ خبر سنا دی۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ جیڈن کا بچہ ’Spina Bifida‘ نامی عارضے کا شکار ہے جس کی وجہ سے جیڈن کا یہ حمل ضائع ہو جائے گا۔ بعد ازاں ڈاکٹروں نے ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو کی رہائشی جیڈن کو ایک امید دلائی کہ اگر بچے کو ماں کے پیٹ سے نکال کر پروسیجر کیا جائے اور واپس ماں کے پیٹ میں رکھ دیا جائے تو اس کے زندہ بچ جانے اور صحت مندی کے ساتھ پیدا ہونے کا امکان ہو سکتا ہے۔

جیڈن اپنی اس ویڈیو میں ہسپتال کے بستر پر موجود ہوتی ہے۔ وہ بتاتی ہے کہ” ایک بار آپریشن کے ذریعے میرے بچے کی پیدائش ہوئی اور ڈاکٹروں نے پروسیجر کے بعد بچہ دوبارہ میرے پیٹ میں واپس رکھ دیا ہے۔ اب میں اسے حمل کی مدت مکمل ہوجانے پر دوبارہ جنم دوں گی۔ “ واضح رہے کہ قبل ازیں میسوری کی خاتون جونی رینک میکر کے ہاں بھی اسی طرح دو بار بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

اس کا بچہ بھی Spina Bifida کا شکار ہو گیا تھا۔ یہ ایک ایسا عارضہ ہے جس میں بچے کے دماغ سے ریڑھ کی ہڈی تک جانے والی ’نیورل ٹیوب‘ کی نشوونما ٹھیک سے نہیں ہو پاتی، جس کے نتیجے میں بچے کی نشوونما میں کئی طرح کے بگاڑ آنے کا خطرہ ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں