ایم ایل ون اور نالہ لئی منصوبوں کے بعد سیاست چھوڑ دوں گا، شیخ رشید

لاہور: وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جس دن ضمیر پو بوجھ محسوس ہوا وزارت چھوڑ دوں گا اور ایم ایل ون، نالہ لئی منصوبوں کے بعد سیاست چھوڑ دوں گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کام نہ کرنے والے سینئر افسروں کی جگہ پر نوجوان افسر لا رہے ہیں، غلطی کے مرتکب افسروں کو نوکری سے نکال دوں گا، وزارت میرے لیے کوئی ضروری چیز نہیں اور جس دن ضمیر پو بوجھ محسوس ہوا چھوڑ دوں گا۔

وزیرریلوے نے کہا کہ 70 سال میں ریلوے کا کنٹرول سسٹم پٹوارخانے کی طرح تھا، کسی نے پانچ روپے ریلوے اسٹیشن پر نہیں لگائے اور اب ریلوے میں ہماری گنجائش سے زیادہ مسافر ہو گئے ہیں جب کہ ٹی ایل اے کے تمام ملازمین کو مستقل کرنے جارہے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ کہا تھا جون میں جھاڑو پھرے گا اب پوچا لگ رہا ہے، شہبازشریف، حمزہ شہباز کے خلاف سنجیدہ کیسز ہیں لیکن عمران خان کسی کو این آر او نہیں دے گا اور پہلے بھی کہا تھا شہبازشریف این آراو مانگ رہے ہیں، شہبازشریف کو چیلنج کرتا ہوں ٹی وی پرآ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور شہبازشریف میثاق جمہوریت کیلئے تیار بیٹھے ہیں جب کہ دو مسلم لیگیں ہیں،ایک شہبازلیگ،ایک نوازلیگ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں