گزشتہ ایک سال سے پولیس اسٹیشن کے باہر مالک کی منتظر وفادار کتیا

بیونس آئرس: ایک وفادار کتیا کی تصاویر اور ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پوری دنیا نے اسے سراہا ہے جو ایک سال سے زائد عرصے سے اپنے مالک کے انتظار میں پولیس اسٹیشن کے باہر بیٹھی ہے۔

بیونس آئرس کے علاقے 25 ڈی مے یو میں ایک کتیا کے مالک کو دوسروں پر حملے اور زدوکوب کے الزامات میں گرفتار کرلیا گیا اور اسے پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔ لیکن کتیا نے وہاں سے ہٹنے سے انکار کردیا اور دن رات تھانے کےباہر موجود رہی۔

اس کے بعد پولیس اہلکاروں نے اسے کھانا پیش کیا جس پر پہلے اس نے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا لیکن بعد میں وہ مانوس ہوگئی اور ان سے کھانا اور پانی لینے لگی۔ یہاں تک کہ شیلا رات کو پولیس اسٹیشن کے اندر ہی سوتی ہے اور کبھی کبھی وہ پولیس کے ساتھ گشت پر بھی چلی جاتی ہے۔
تاہم وہ اپنے مالک کو نہیں بھولتی۔ پولیس والے اسے اپنے خاندان کا ایک حصہ سمجھتے ہیں۔ تاہم وہ اس بے زبان جانور کی اپنے مالک سے والہانہ محبت اور وفاداری پر حیران ہیں اور اب وہ رات کے وقت کچھ وقت اپنے مالک کے ساتھ بھی گزارتی ہے۔

ایک پولیس افسر نے کہا کہ جب تک وہ اپنے مالک کو نہ دیکھے شیلا کو چین نہیں آتا بسا اوقات وہ سلاخوں کے باہر اپنے مالک کو دیکھتے دیکھتے سوجاتی ہے۔ چند ماہ قبل اس پر ایک خونخوار کتے نے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا تھا۔ پولیس کا عملہ اسے ہسپتال لے گیا اور اس کے علاج کے سارے اخراجات خود ادا کئے۔ اب وہ صحتمند ہے اور دوبارہ پولیس اسٹیشن کے باہر موجود ہے۔

شیلا کے مالک کو ساڑھے تین سال کی قید ہوئی ہے لیکن پولیس اہلکاروں کے مطابق آزادی کے بعد جب وہ مالک کے ساتھ گھر چلی جائے گی تو پورا عملہ اسے بہت یاد کرے گا۔

کتیا کی وفاداری اور محبت نے دنیا بھر میں ہزاروں دلوں کو ایک ایسا احساس دیا ہے جس میں جانور انسانوں سے زیادہ وفادار ثابت ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں