توانائی بحران ، حکومت جمعہ کے روز ’ورک فرام ہوم‘ پر غور کرنے لگی

اسلام آباد:ملک میں جاری توانائی بحران کے پیش نظر حکومت سرکاری سطح پر جمعہ کے روز ورک فرام ہوم کی تجویز پر غور کرنے لگی ۔ تفصیلات کے مطابق کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ جمعہ کے روز ورک فرام ہوم کی تجویز آئی ہے وزیراعظم نے جمعہ کے روز ورک فرام ہوم کی تجویز کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے

اس کے علاوہ کوشش کی جائے گی کہ سرکاری میٹنگز زیادہ سے زیادہ ورچوئل ہوں ، جب کہ بازار رات کو جلد بند ہونے سے متعلق صوبوں کے ساتھ مل کر بات چیت کے بعد اس حوالے سے اعلان کیا جائے گا ، اس سے قبل تاجروں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر کچھ اہم فیصلے کیے گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ہفتے کی چھٹی بحال کرنے کی منظوری دے دی ہے ، کابینہ نے وزرا اور سرکاری ملازمین کے پیٹرول میں 40 فیصد کٹوتی کی منظوری بھی دے دی ہے ، اس وقت بجلی کی طلب اور رسد کے درمیان فرق ہے، بجلی کی طلب 28400 میگاواٹ ہے جب کہ دستیاب بجلی 25600 میگاواٹ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں