انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 207 روپے سے تجاوز کرگئی

کراچی: ملکی حالیہ معاشی صورتحال کے باعث انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

وزیر خزانہ کی جانب سے جولائی تک تیل کی قیمتوں پر سبسڈیز ختم نہ کرنے کی صورت میں پاکستان کے نادھندہ ہونے کے خطرات سے متعلق بیان نے ڈالر کو بے لگام کردیا اور منگل کو بھی ڈالر کی بلند پرواز جاری رہی جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ ملکی تاریخ میں پہلی بار 207روپے سے بھی تجاوز کر گئے ہیں۔

کاروبار کے دوران امریکی ڈالر 1.95 روپے اضافے سے 207.11روپے کا ہوگیا ہے۔
وزیر خزانہ کے مذکورہ بیان سے کاروبار کے آغاز پر ہی پاکستانی روپیہ پر یکدم دباؤ کی شدت بڑھ گئی تھی اور زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں بحرانی کیفیت پیدا ہوگئی کیونکہ وزیر خزانہ نے اپنے بیان میں چند ہفتے قبل ہی نادہندہ ہونے والے ملک سری لنکا سے پاکستان کا موازنہ کرتے ہوئے سری لنکا کی نادھندگی کی وجہ پیٹرولئیم مصنوعات پر سبسڈی قرار دیا۔

وزیرخزانہ کی جانب سے سخت فیصلے نہ کرنے کی صورت میں دیوالیہ ہونے کے خدشات کے بیان سے مارکیٹ پلئیرز کو اس بات کا خدشہ پیدا ہوا کہ آئندہ چند روز میں پیٹرولئیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید نمایاں اضافہ کردیا جائے گا، جو نہ صرف مہنگائی میں ہوشربا اضافے کا باعث بنے گا بلکہ معیشت کے تمام شعبوں کے لیے مشکلات بڑھانے کا بھی باعث بنے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں