چاند پر پانی کی تصدیق ہوگئی

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چینی سائنسدانوں نے چاند پر پانی کی تصدیق کر دی۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق چینی اکیڈمی آف سائنسز کے سائنسدانوں کی طرف سے چاند کی سطح پر چنگ اے 5نامی چاند گاڑی بھیجی گئی تھی جس کے جمع کردہ نمونوں سے چاند کی سطح پر ایچ ٹو او(H2O)یعنی پانی کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ چاند گاڑی دسمبر 2020ءمیں چاند کی سطح پر اتری تھی، جس نے چاند کی سطح سے1.7کلوگرام مٹی اور چٹانی ٹکڑوں کو جمع کیا اور چاند گاڑی میں موجود آلات کے ذریعے ہی اس مٹی اور چٹانی ٹکڑوں کا تجزیہ کیا گیا۔ اس تجزئیے میں معلوم ہوا کہ چٹانی ٹکڑوں پر پانی کے لگ بھگ ’120پارٹس فی ملین‘ مالیکیولز موجود ہیں۔

کچھ چٹانی ٹکڑوں پر پانی کے مالیکیولز کی شرح 180پارٹس فی ملین بھی پائی گئی۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ٹیلی سکوپ اور سٹیلائٹ کے ذریعے کیے گئے مشاہدوں سے بھی ثابت ہو چکا ہے کہ چاند پر پانی چٹانوں میں ہائیڈروکسل یا پھر ایچ ٹو او کی شکل میں پایا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں