پی سی بی میں تبدیلی کی ہوا تیز ہوگئی، پاپا چلے گئے

لاہور: پی سی بی میں تبدیلی کی ہوا تیز ہوگئی اور پاپا چلے گئے، جنرل مینجر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشز شفیق پاپاکو رخصتی کا پروانہ جاری کردیا گیا۔

پی سی بی نے جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشز شفیق پاپا کو بھی فارغ کردیا، اپنے کیریئر میں پاکستان کی طرف سے 6 ٹیسٹ اور 3ون ڈے میچز کھیلنے والے 70سالہ سابق کرکٹر 2007 میں بورڈ سے منسلک ہوئے تھے۔

ایم ڈی وسیم خان نے شفیق پاپا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے بطور کرکٹر اور منتظم اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں،ہم ان کی سخت محنت اور کوششوں کی قدر کرتے ہیں۔
شفیق پاپا نے کہا کہ یہ ان کی پی سی بی کے ساتھ آخری اننگز تھی، قذافی اسٹیڈیم میں بہت اچھا وقت گذارا ،اپنے پسندیدہ کھیل کیلیے کام کرنے کا موقع ملا تو اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بہتری لانے کی ہر ممکن کوشش کی، سابق اور موجودہ رفقاء کا سپورٹ کرنے پر مشکور اور امید کرتا ہوں کہ پی سی بی اور پاکستان کرکٹ مزید مضبوط ہوں گے۔

دوسری جانب نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے تحت اسٹاف کی تشکیل نو کیلیے پی سی بی نے ریجنل کوچ ایاز اکبر یوسف زئی کے کنٹریکٹ میں بھی توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں