پاکستان نژاد ساجد جاوید برطانیہ کے نئے وزیراعظم بننے کی دوڑ میں شامل

لندن : برطانیہ کے سابق وزیراعظم بورس جانسن کے مستعفی ہونے کے بعد وزارت عظمی سنبھالنے کی دوڑ تیز ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق وزارت عظمی سنبھالنے کی دوڑ میں کئی وزرا کے نام سامنے آرہے ہیں جن میں پاکستانی نژاد ساجد جاوید بھی شامل ہیں۔52 سالہ ساجد جاوید ،بورس جانسن کی کابینہ میں وزیر صحت کے عہدے پر فائز رہے،اور انہوں نے دو روز قبل ہی وزیر صحت کے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے بورس جانسن پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔

بورس جانسن کے پارٹی عہدے سے مستعفیٰ ہونے کے بعد نئے وزیراعظم کنزریٹو پارٹی کے نئے قائد کا انتخاب آنے والے دنوں میں ہو گا۔ساجد جاوید وزیر خزانہ رہنے کے بعد جون 2021 سے وزیر صحت بھی رہے۔وزیرخزانہ کے عہدے پر براجمان رہتے ہوئے 2020 کے شروع میں انہوں نے بورس جانسن کے ساتھ اپنے مشیروں کو برطرف کرنے کے حکم پر اختلافات کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔

بورس جانسن انہیں کورونا سے نمٹنے کے لیے واپس لائے تھے۔ساجد جاوید وزارت داخلہ سمیت بزنس،کلچر اور ہاؤسنگ کے محکموں کے سربراہ رہ چکے۔انہوں نے 2019 میں کنزرویٹو کی سربراہی کا الیکشن لڑا تھا لیکن وہ چوتھے راؤنڈ میں بورس جانسن سے ہار گئے تھے۔ گزشتہ روز برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔بورس جانسن کی کابینہ کے کئی وزراء ان پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پہلے ہی مستعفی ہو چکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں